پی سی بی سلیکشن کمیٹی کا اعلان، شاہد آفریدی مینجمنٹ کمیٹی سے مستعفی

938
کابل اسٹیڈیم میں دھماکہ،پی سی بی نے افغان   لیگ کھیلنے والے  کرکٹرز کو وطن واپس بلوا لیا

لاہور: پی سی بی نے اپنی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا، جب کہ شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی سے استعفا دے دیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہارون رشید پہلے ہی چیف سلیکٹر مقرر ہوچکے ہیں جب کہ ان کے ساتھ کامران اکمل، محمد سمیع اور یاسر حمید سلیکشن کمیٹی کے رکن ہوں گے۔جونیئر سلیکشن کمیٹی کے کامران اکمل سربراہ ہوں گے جبکہ دیگر ارکان میں توصیف احمد اور ارشد خان شامل ہیں، شاہد نذیر اور شعیب خان بھی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی کو گزشتہ سال 24 دسمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا جس میں عبد الرزاق، راؤ افتخار انجم رکن اور ہارون رشید کنوینر کے طور پر شامل تھے۔پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی نے چارج سنبھالنے کے بعد محمد وسیم کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کردیا تھا۔

دوسری جانب شاہد آفریدی نے پی سی بی کی منیجمنٹ کمیٹی سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق کپتان نے اپنی نجی مصروفیات کی وجہ سے عہدہ چھوڑا ہے، اس سے قبل شاہد آفریدی نے بطور عبوری چیف سلیکٹر کام جاری رکھنے سے بھی معذرت کی تھی۔ شاہد آفریدی نے صرف نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز کیلیے اسکواڈز منتخب کیے۔