الیکشن کمیشن ملتوی شدہ سیٹوں پر انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے، حافظ نعیم الرحمن

352

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کمیشن سے کہتے ہیں مختلف یوسیز میں امیدواروں کے انتقال کے باعث ملتوی شدہ تمام سیٹوں پر انتخابات کے شیڈول کا فوری اعلان کرے تاکہ انتخابی عمل مکمل ہو اور یوسی چیئر مین، ٹاؤن چیئر مین اپنا حلف اُٹھا سکیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  میئر کا انتخاب بھی ہو سکے اور منتخب نمائندے اپنا کام شروع کریں، ہمارا سندھ حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 140-Aکی اصل روح کے مطابق اور جماعت اسلامی سے کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے کراچی کے بلدیاتی اداروں کو اختیارات و وسائل فراہم کر نے کے لیے فوری طور پر سندھ اسمبلی میں قانون سازی کرے۔

انہوں نے کہاکہ  پی ایف سی ایوارڈ جو 13,12سال سے تعطل کا شکار ہے اسے فوری جاری کرے، موٹر وہیکل ٹیکس اور آکٹرائے ٹیکس میں کراچی کو اس کا جائز اورقانونی حق دے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ 15جنوری کو کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر بھر پورا عتماد کا اظہار کیا، تمام پارٹیوں میں سب سے زیادہ ووٹ ہمارے ہیں اور ہماری سیٹیں بھی سب سے زیادہ ہیں، ہم اپنی جیتی ہوئی تمام سیٹوں اور عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں نمایاں کامیابی کے بعد بلدیاتی انتخابات میں جوشاندار انتخابی پیش رفت حاصل کی ہے اسے جاری رکھیں گے۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو اپنی نا اہلی اور ناقص کارکردگی کے باعث بلدیاتی انتخابات میں اپنی شکست واضح طور پر نظر آرہی تھی اسی لیے ان دونوں پارٹیوں نے آخری وقت تک کوشش کی کہ انتخابات ملتوی کر دیے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  واحد جماعت اسلامی تھی جو عوام کو ان کے آئینی و قانونی اور جمہوری حق سے محروم رکھنے کے خلاف ڈٹی ہوئی تھی۔ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔