حکمرانوں نے سیاسی اور اخلاقی طور پر پاکستان کو ڈیفالٹ کردیا، سراج الحق

329
oppose

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ طویل جدوجہد کے بعد کراچی کے لوگوں ن اپنے شہر کے لیڈر کے چناؤ کے لیے انتخاب میں حصہ لیا، افسوس کرپٹ اشرافیہ کو مسائل کا کوئی احساس نہیں۔

سراج الحق نے کہاکہ یہ الیکشن اتنی آسانی سے نہیں ہوا بار بار بہانے تراشے گئے مگر الیکشن کمیشن بالآخر کامیاب ہوگیا،آنے والا میئر 28 واں میئر ہوگا، مگر جمہوری حکومتوں نے کبھی بلدیاتی انتخابات کرانے کی کوشش نہیں کی، کراچی معاشی حب، انجن کا کام دیتا ہے وہ تماشا بنا رہا، بدامنی ، بد انتظامی کا شکار ہوا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اس شہر کو روشنیوں کا شہر بنانے کے لیے جماعت اسلامی نے بہت جدوجہد کی،جماعت کی کامیابی اچنبھے کی بات نہیں، ہمارا کام گلی اور کوچوں میں بڑا کردار رہا، عبد الستار افغانی دو مرتبہ میئر بنے، نعمت اللہ اس کے بعد میئر بنے جو دنیا کے مثالی ترین میئر تھے۔

 سراج الحق نے مزید کہاکہ امید ہے ہماری بات کو آصف زرداری سمجھیں گے اور معاملہ طول نہیں پکڑے گا، جماعت اسلامی 20 جنوری کو یوم تشکر منائے گی، میں اظہار تشکر کے لئے کراچی جاؤنگا،اس وقت قوم مشکل ترین صورتحال کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا چاند پر چلی گئی ہم آج بھی آٹے کے لئے قطاروں میں کھڑے ہیں، آٹا بحری جہازوں میں، کتابیں جہازوں میں، مرغیوں کی خوراک بھی بحری جہازوں میں پڑی ہے، بینک ایل سیز کھولنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

 سراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اعلان کیا تھا کہ اسمبلی نہیں جائیں گے اور پھر اچانک اعلان کردیا،اسپیکر نے جوابی وار کیا اور 35 لوگوں کے استعفے منظور کرلیے، دونوں کا رویہ انتہائی غیر سنجیدہ ہے، معاشی کیساتھ سیاسی و اخلاقی طور پر ملک ڈیفالٹ ہورہا ہے، ان کی سیاسی لڑائی غربت کو بڑھا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس دلدل سے نکلنے کا واحد راستہ الیکشن اصلاحات کے بعد الیکشن ہے، اگر انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن ہوا تو پھر مزید خرابی پیدا ہوگی، اس وقت تمام بڑی جماعتیں اقتدار میں ہیں،ان سب کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ بھی تھی مگر یہ ناکام ہوگئے۔

سراج الحق نے کہاکہ ان حکمرانوں نےسیاسی ،اخلاقی طور پرپاکستان کومکمل ڈیفالٹ کردیا ہے، تبدیلی سمیت سب جماعتوں کے  جھوٹے نعرے تھے، ایک ایم این اے 8لاکھ کاجوتا پہنتاہےاورمظلوم رل رہا ہے، مانگنےوالاوزیرخزانہ عالی شان ہوٹل میں قیام کرتا ہے۔