عوام 15جنوری کوباہر نکل کر انتخابات سبوتاژ کرنے کی سازشیں ناکام بنا دیں ، حافظ نعیم

384

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ 15جنوری کو گھروں سے نکلیں اور بلدیاتی انتخابات کو سبوتاژ کرنے والوں کی سازشیں ناکام بنا دیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ماضی میں شہر کو تباہ و برباد کرنے اور ایک بار پھر کراچی کو ماضی کے اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش کرنے والوں سے انتقام لیں ، ترازو شہر کی تعمیر و ترقی اور اہل کراچی کی کامیابی کا نشان ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  عوام تمام تر وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے 15جنوری کو ترازو پر مہر لگائیں ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی ملی بھگت اور اشتراک نے کراچی کو تباہ و برباد کیا ، کراچی کے اداروں کے اختیارات و وسائل چھینے گئے اور عوام کے مینڈیٹ کو فروخت کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن ملتوی کروانے کی تمام تر کوششوں اور سازشوں میں ناکامی کے بعد الیکشن سبوتاژ کرنے کی کوششوں کی روک تھام کے لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابات کو آزادانہ ، شفاف اور ُپر امن بنانے اور ہر ووٹر کو اپنی آزاد مرضی سے ووٹ ڈالنے کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ہر پولنگ اسٹیشن پر فوج اور رینجرز کو تعینات کیا جائے ۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  اس کے لیے ہم نے  چیف الیکشن کمیشن کمشنرکے بعد چیف سیکریٹری اور وفاقی وزارت دفاع و داخلہ کو بھی خط ارسال کر دیئے ہیں ۔ اب ہم آرمی چیف ، ڈی جی رینجرز اور کور کمانڈر کو بھی خط لکھیں گے۔