آٹے کا بحران پیدا کرکے غربیوں پر زندگی تنگ کی جارہی  ہے،  ضیاء الدین انصاری

586

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ آٹے کا بحران پیدا کرکے غربیوں پر زندگی تنگ کی جارہی  ہے۔حکومت نے گندم اور آٹے کی قیمت میں ظالمانہ اضافہ کرکے عوام کوفاقوں پر مجبور کردیا ہے۔

ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ سستے آٹے کی قلت پیدا کرنے والے ذخیرہ اندوز اور منافع خور کسی رعایت کے مستحق نہیں، نااہل حکمرانوں کی بدانتظامی کی وجہ سے زرعی ملک غذائی قلت کا شکار ہے۔ پڑوسی ممالک کی غذائی ضروریات کو پورا کرنا والا پاکستان  آج آٹے کے بحران کا شکار ہے۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ   حکمران گندم کو پہلے سستے داموں بیرون ممالک کوفروخت کرتے ہیں اور بعد میں مال بنانے کیلئے مصنوعی بحران پیدا کرکے مہنگے داموں خریدتے ہیں۔ پاسکو کے گوداموں سے گندم عوام کی بجائے  مافیاز تک پہنچائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسٹاک گندم کو جب تک عوام تک رسائی نہیں دی جائے گی تب تک  بحران ختم نہیں ہوگا،  جماعت اسلامی آٹے کے بحران کی شدید مذمت کرتی ہے ۔ آٹے کے بحران  کے خاتمے کیلئے فی الفور اقدامات نہیں کیے تو جماعت اسلامی لاہور بھر میں احتجاج کا دائرکار بڑھائے گی۔

ضیاء الدین انصاری کا کہنا تھا کہ  ڈپٹی کمشنر لاہور اپنی ذمہ داری پوری کرے اور پاسکو کے گوداموں سے گندم کی تقسیم کے عمل کو منصفانہ بنائے۔ ڈپٹی کمشنر آٹا، مافیا کو قابو کرے اور نان روٹی کی قیمت کو کنڑول کیا جائے۔ حکومت گندم اور آٹے کی قیمت کو فی الفور کنڑول کرے اور سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔