ٹوئٹر نے خودکشی سے بچاؤ کا فیچر بحال کردیا

867

کیلی فورنیا: دنیا بھر سے صارفین کی شدید تنقید کے بعد ٹوئٹر نے بالآخر خودکشی سے بچاؤ کا فیچر بحال کردیا۔

ذرائع ابلاغ کے مابق اس سے قبل 24 دسمبر کو خودکشی سے بچانے والے فیچر دیئر از ہیلپ کو ہٹانے کی رپورٹ سامنے آئی تھی۔

دیئر از ہیلپ کا فیچر ان ممالک میں ٹوئٹر سرچ بار میں سب سے اوپر دکھائی دیتا ہے جہاں دماغی صحت، ایچ آئی وی، بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات، ویکسینز، کووڈ 19، نسلی تعصب، قدرتی آفات اور آزادی اظہار رائے جیسے مسائل ہوں۔

فیچر ہٹائے جانے کی رپورٹ کے بعد ٹوئٹر ٹرسٹ اینڈ سیفٹی کی سربراہ ایلا ارون نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا عارضی طور پر کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا تھا کہ ہم اپنے پلیٹ فارم میں کچھ خامیوں اور دیگر چیزوں کو درست کر رہے ہیں، کچھ چیزیں عارضی طور پر ہٹائی گئی ہیں، امید ہے کہ جو چیزیں ہٹائی گئی ہیں وہ اگلے ہفتے تک دوبارہ آ جائیں گی۔

ابتدائی رپورٹ کے 15 گھنٹے بعد ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے کہا تھا کہ یہ رپورٹ غلط ہے اور فیچر موجود ہے۔ اس فیچر کو ہٹائے جانے پر سیفٹی گروپس اور ٹوئٹر صارفین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

ٹوئٹر کونٹنٹ ایڈوائزی گروپ سے حال ہی میں فارغ کی جانے والی ایلیانی عبدالرحمان نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دیئر از ہیلپ کے فیچر کو ہٹانا نہ صرف مضحکہ خیز بلکہ باعث تشویش بھی ہے۔