ایف بی آر فیلڈ دفاتر 30 اور 31 دسمبر کو رات دیر تک کھلے رکھنے کا اعلان

588

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے تمام فیلڈ دفاتر 30 اور 31 دسمبر کو رات دیر تک کھلے رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری سرکلر میں تمام ٹیکس پیئر آفسز(ایل ٹی یوز)میڈیئم ٹیکس پیئر آفسز،کارپوریٹ ٹیکس آفسز اور ریجنل ٹیکس آفسز(آر ٹی اوز)کے سربراہان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 30 دسمبر کو ایف بی آر کے تمام فیلڈ آفسز رات 8 بجے تک جبکہ 31 دسمبر بروز ہفتہ رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔

ٹیکس دہندگان مذکورہ ایام کے دوران رات دیر تک دفتری اوقات میں ٹیکس واجبات جمع کرواسکیں گے۔ ایف بی آر کی طرف سے فیلڈ آفسز کے سربراہان و چیف کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور نیشنل بینک آف پاکستان کی مجاز برانچز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں۔

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ایام میں دفتری اوقات کے دوران جمع ہونے والے ٹیکس واجبات کو اسی تاریخ میں منتقلی کو یقینی بنائیں تاکہ ٹیکس دہندگان کی طرف سے جمع کروائے جانے والے ٹیکس کو دسمبر 2022 میں شمار کرنے کو یقینی بنایا جاسکے ۔