الخدمت کے ‘‘بنو قابل ‘‘میں کامیاب طلبہ کے انٹرویوز کاسلسلہ جاری 

397
الخدمت کے ‘‘بنو قابل ‘‘میں کامیاب طلبہ کے انٹرویوز کاسلسلہ جاری 

کراچی:الخدمت کے مفت آئی ٹی کورسز پروگرام ’’ بنو قابل ‘‘میں کامیاب ہونے والے طلبہ کے انٹرویوز کاسلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا۔

الخدمت کے مرکزی دفتر میں ہو نے والے ’’ ایما زون ورچول ‘‘کے انٹرویوزمیں سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر چیئر یٹی آسٹریلیا انٹر نیشنل رانا وجاہت علی خان نے انٹرویو زسیشن کا دورہ کیا۔

وہ وہاں قائم ہیلپ ڈیسک گئے۔ انٹریو کیلئے ٹوکن کے اجراکے عمل کو دیکھا ۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں کثیر تعدا د میں موجود نوجوانوں سے ملاقاتیں کیں اور ان سے منتخب کردہ کورس اور آئی ٹی میں مستقبل بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔ایگز یکٹو ڈائریکٹر کراچی راشد قریشی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈائریکٹر چیئر یٹی آسٹریلیا انٹر نیشنل رانا وجاہت علی خان نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کے نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کرونا الخدمت کا بڑا اقدام ہے۔ اس سے نوجوان نہ صرف اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے بلکہ اپنے خاندان کی کفالت بھی کرسکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے کراچی کے نوجوانوں کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ ایسے میں الخدمت کی جانب سے بڑے پیمانے پر مفت کورسز کروانے کا عمل قابل قدر ہے۔ مجھے اس پروگرام سے متعلق جان کربہت خوشی ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چیئر یٹی آسٹریلیا اس پروگرام میں شرکت کرے گی اور آئی ٹی کورسز کر نے والے طلبہ کو اسکا لر شپ دے گی۔ دریں اثنا چیف ایگزیکٹوالخدمت کراچی نوید علی بیگ نے بھی انٹرویوز سیشن کا دورہ کیا اور طلبہ سے ملاقات کی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان نہایت باصلاحیت ہیں،انہیں صرف رہنمائی اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انشااللہ یہی نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں ملک کی ترقی کا باعث بنیں گے۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ انہیں خوشی ہوئی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں کراچی کے نوجوانوں نے Aptitudeٹیسٹ پاس کیا اور آج وہ یہاں انٹر ویو دینے کے لیے آئے ہیں۔ یہ نوجوان پڑھیں گے اور آگے بڑھیں گے ۔ ان نوجوانوں کی آئی ٹی میں دلچسپی سے ثابت ہوگیا کہ انہیں اس شعبے میں آگے بڑھنے سے اب کو ئی نہیں رک سکتا۔

راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت نے کراچی کے نوجوانوں سے جووعدہ کیا تھا وہ پورا ہونے جارہا ہے۔ ماہ جنوری 2023 سے باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہو جائے گا اور ماہر آئی پروفیشنلز ان طلبہ کو تعلیم دیں گے۔ انٹرویوز کاسلسلہ 27دسمبر تک مجوزہ اوقات کے دوران بلا تعطل جاری رہے گا