پاکستان اور یونان کے درمیان تجارت کو بڑھانے کی ضرورت ہے ،  صدر مملکت

297
approved

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یونان کے درمیان تجارت کو حقیقی صلاحیت تک بڑھانے کی ضرورت ہے ، پاکستان اور یونان کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان قریبی روابط کے فروغ سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی۔

یونان میں پاکستان کے نامزد سفیر محمد عامر آفتاب قریشی سے ملاقات کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ نامزد سفیر پاکستان اور یونان کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے کام کریں، روایتی شعبوں کے علاوہ تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ  پاکستان اور یونان کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان قریبی روابط کے فروغ سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی، نامزد سفیر یونان کے بہترین سیاحتی طریقوں کو مثال بنائیں ، نامزد سفیر یونان اور پاکستان کی سیاحتی صنعتوں کے درمیان روابط پیدا کرنے کی کوشش کریں ۔

صدر مملکت نے کہا کہ یونان میں پاکستان کے سفیر پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مستقل رابطہ رکھیں ، کونسلر خدمات کے سلسلے میں ان کے مسائل حل کریں، نامزد سفیر پاکستان میں نادرا اور پاسپورٹ آفس کے ساتھ قریبی روابط پیدا کریں ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کم ترقی یافتہ ممالک سے غیر رسمی امیگریشن روکنے کے لئے اربوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں۔