بے حس اور نااہل حکمرانوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے، کاشف سعید شیخ

402
بے حس اور نااہل حکمرانوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے، کاشف سعید شیخ

کراچی:جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے خیرپور ناتھن شاہ میں سیلاب متاثرین کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کی گاڑی کا گھیراؤ،بارش کے پانی کے نکاس کیلئے احتجاج کو عوام کے غم وغصے کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بارش کے پانی کے نکاس،متاثرین کے گھروں کی تعمیر اور سڑکوں کی تاحال بحالی نہ ہونے پر عام لوگوں کا شدید غصہ برحق ہے۔

ابھی تک لاکھوں ایکڑ زمین پانی کے نیچے ہے جبکہ پانی کے نکاس کیلئے ضلعی،مقامی انتظامیہ کی جانب سے کوئی بندوبست نہیں کیا گیا اور نہ ہی وہاں کے منتخب نمائندے متاثرین کی دیکھ بھال کیلئے پہنچے ہیں جس کی وجہ سے آج بھی کے این شاہ، سے منچھر جھیل اور خیرپور ،جھڈو،عمرکوٹ،سانگھڑ اور میرپورخاص سمیت مختلف اضلاع میں گندم کی بوائی ہوسکی ہے اور لوگوں کی زندگی مفلوج بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ سندھ میں سیلاب نے عوام کی زندگیوں کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا ہے سخت سردی کے موسم میں ہزاروں افراد بنا چھت کے زندگی گذارنے پر مجبور ہیں دیہات اور گوٹھوں کے آس پاس پانی کھڑا ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگ روڈوں پر کسمپرسی میں پڑے ہوئے ہیں لیکن تاحال سندھ حکومت نے کوئی دادرسی نہیں کی البتہ وزیراعلیٰ اور ان کی پوری کابینہ روزانہ پریس کانفرنس کرکے خوشنما اعلانات سے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کرنے میں مصروف ہیں۔

کاشف سعید شیخ نے مزید کہا سرکار ابھی تک سروے کرنے میں مصرودف جبکہ جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے نے ’’تعمیر نو بحالی پروجیکٹ‘‘ کے تحت گھروں کی تعمیر کا کام شروع کردیا ہے، سیاسی بنیادوں پر پسند اور ناپسند پر سروے میں نام شامل کئے جارہے ہیں، اس وقت جب سردیاں شروع ہوچکی ہیں وہاں لوگ بنا گھروں، بنا ادویات،خوراک اور گرم بستر کے زندگی کیسے بسر کررہے ہیں بے حس اور نااہل حکمرانوں کو اس سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

جماعت اسلامی سندھ کا پرزور مطالبہ ہے کہ انتظامیہ سستی اور نااہلی چھوڑ کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ریلیف اور بحالی کی کاروائیوں کو تیز اور پایہ تکمیل تک پہنچانے اور پانی کو نکالنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے کٹ بند کرکے سڑکوں کی بحالی اور مرمت کا کام مکمل کیا جائے تاکہ متاثرین کے مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔