جماعت اسلامی کراچی کی بقاء کی جنگ لڑرہی ہے، حافظ نعیم الرحمن

618

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن اب کراچی کی تعمیر وبقاء کا مسئلہ ہے،جماعت اسلامی اس بقاء کی جنگ لڑرہی ہے،گیس کے بحران،سڑکوں کی خستہ حالی،ٹرانسپورٹ سسٹم کی تباہی،صفائی ستھرائی،تعلیم وصحت کے بد ترین مسائل نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

ضلع کیماڑی کے تحت دفتر ضلع میں امیدواروں کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےحافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان طاقت واختیارات کی جنگ میں عام آدمی پس رہا ہے،پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم یا تحریک انصاف کوئی بھی کراچی کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے،اس وقت سروے اور دیگر ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی شہر کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے، کراچی کے شہری جماعت اسلامی کا میئر دیکھنا چاہتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس میں تمام یوسیز کے چیئرمین،وائس چیئرمین کے امیدواروں اور ناظمین انتخاب سے علاقے کی موجودہ سیاسی صورتحال،عوامی رجحانات،انتخابی مہم کی تیاریوں اوراب تک کی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی جائزہ رپورٹ لی۔

حافظ نعیم الرحمن نے امیدواروں کو ہدایت کی کہ 15جنوری کو کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر ایک مکمل جامع منصوبہ ترتیب دے کر ہر گھر،ہر فرد،گلی،محلے،کاروباری اداروں اور اہم پبلک مقامات پر رابطے کریں اورمقامی بااثر افراد سے خصوصی ملاقاتیں کی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ علاقائی سطح پر درپیش عوامی مسائل کے حل میں لوگوں سے تبادلہئ خیال کر کے ان کے حل کے لیے متعلقہ محکموں سے باقاعدہ رابطے کیے جائیں۔پبلک ایڈ کمیٹیوں کو مزید فعال اور مؤثر بنائیں،یونین کونسلز کے رہائشی افراد بالخصوص نوجوانوں کو اپنے ساتھ شامل کریں اور روزانہ وقت طے کر کے سرگرمیوں کوآگے بڑھائیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ عوام کراچی پر برسوں سے مسلط سیاسی جماعتوں سے باربار دھوکا کھا کے بے زار اور مایوس ہوچکے ہیں اور انہوں نے اپنی ساری توقعات جماعت اسلامی سے وابستہ کرلی ہیں،جماعت اسلامی شہر کی تعمیر و ترقی کے سفر کو ہر حال میں مکمل کرے گی۔