پاکستانی پاسپورٹ دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار

748

ایک عالمی فہرست میں پاکستان کے پاسپورٹ کو دنیا کو چوتھا کمزور پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آرٹن کیپٹل کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کو 94 ویں نمبر پر صومالیہ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔  پاکستانی پاسپورٹ پر 44 ممالک کا بغیر ویزا سفر کیا جاسکتا ہے، جس میں سے 10 ممالک مکمل ویزا فری ہیں اور 34 آن ارائیول ویزا دیتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بعد عراق 95 ویں نمبر کے ساتھ دوسرے، شام 96 ویں نمبر کے ساتھ تیسرے اور افغانستان 97 ویں نمبر کے ساتھ دنیا کا سب سے کمزور ترین پاسپورٹ ہے۔ یمن 93 ویں، بنگلا دیش 92 ویں، شمالی کوریا، لیبیا اور فلسطین 91 ویں اور ایران کو 90 ویں نمبر کے ساتھ پاکستان سے زیادہ طاقتور قرار دیا گیا ہے۔

امارات کے پاسپورٹ کو دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ جہاں کے شہری بغیر ویزا 180 ممالک کا سفر کر سکتے ہیں۔ ہالینڈ، آسٹریا، جرمنی، سوئٹزرلینڈ سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کو 173 ممالک کا دورہ کرنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں۔

امریکا، پولینڈ، آئرلینڈ، ڈنمارک، بلجیم،  نیوزی لینڈ، پرتگال اور ناروے کے لوگ 172 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کر سکتے ہیں۔یوکرین نے اپنا 20 واں نمبر برقرار رکھا، 2021 میں یوکرین کو 127 ممالک تک ویزا فری رسائی حاصل تھی جو بڑھ کر 144 ہوگئی۔

فہرست میں بھارت کا پاسپورٹ 72 ویں نمبر پر ہے جس کے شہریوں کو 24 ممالک میں ویزا فری انٹری اور 48 ممالک میں آن ارائیول ویزے کی سہولت حاصل ہے۔ رواں سال کے دوران دنیا کے ہر ملک کا پاسپورٹ طاقتور ہوا جس کی وجہ سفری سہولیات کو آسان بنا کر معاشی فوائد حاصل کرنے کی کوشش ہے۔یہ درجہ بندی دنیا بھر میں نقل و حرکت میں نمایاں بہتری کو ظاہر کرتی ہے۔