پاکستان ریڈ کریسنٹ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ گھرانوں میں امدادی سامان تقسیم

518
پاکستان ریڈ کریسنٹ کیجانب سے سیلاب سے متاثرہ گھرانوں میں امدادی سامان تقسیم

کراچی: پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (ہلالِ احمر پاکستان) کے زیر اہتمام  جیکب آباد میں سیلاب سے متاثرہ مزید 500 گھرانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔

چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری اور پاکستان میں آئی ایف آر سی کے سربراہ پیٹر اوفوف نے متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا جس میں تارپولین شیٹس، کچن سیٹ، شیلٹر ٹول کٹ، جیری کین، کمبل، مچھر دانیاں اور فیملی ٹینٹ شامل تھے۔

اس موقع پر چیئرمین سردار شاہد لغاری نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان نے سیلاب سے متاثرہ ہزاروں خاندانوں کی مدد کی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں کوئی اور ادارہ رسائی نہ ہونے کی وجہ سے نہیں پہنچا، اور یہ سلسلہ آخری متاثرین کی مدد تک جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان پہلے ہی جیکب آباد میں امدادی سامان تقسیم کرچکا ہے اور یہ عمل آگے بھی  جاری رہے گا۔ چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان نے کہا کہ کل، ہم کشمور اور پھر دادو میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں میں امدادی سامان تقسیم کرنے جا رہے ہیں۔

پاکستان میں آئی ایف آر سی کے سربراہ پیٹر نے پاکستان ریڈ کریسنٹ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ اور آئی ایف آر سی ضرورتمند لوگوں کی مدد کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

پاکستان ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل عبید اللہ خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ جیکب آباد ضلع میں اپنے ایک واٹر پلانٹ سے یومیہ 15,000 گیلن سے زیادہ پینے کا صاف پانی فراہم کر رہا ہے جس سے روزانہ 2000 سے زیادہ سیلاب متاثرہ خاندان مستفید ہورہے ہیں۔

انہوں نے یہ عزم ظاہر کیا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ آخری متاثرین کی بحالی تک اپنا کام جاری رکھے گا۔ اس موقع پر پاکستان ریڈ کریسنٹ کی سندھ برانچ کے صوبائی سیکرٹری کنور وسیم نے کہا کہ ہم اپنی تاریخ کی سب سے بڑی تباہی کا سامنا کر رہے ہیں اور پاکستان ریڈ کریسنٹ کا ہر فرد بشمول انتظامیہ، عملہ اور رضاکار سیلاب سے نمٹنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے اور اب تک ہم  12 متاثرہ اضلاع میں ہزاروں ضرورت مندوں کو امدادی سامان فراہم کرچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرد اور خواتین ڈاکٹروں پر مشتمل پاکستان ریڈ کریسنٹ کی موبائل ہیلتھ یونٹس سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں مفت علاج اور ادویات فراہم کر رہے ہیں۔