دہشت گردی میں ملوث قوتوں کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے، دفتر خارجہ

301

اسلام آباد: پاکستان نے ایک بار پھر عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، عالمی برادری کو بھارتی دہشت گردی کانوٹس لینا چاہیے، پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث قوتوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول زرداری بالی جمہوریت کانفرنس میں شرکت کے لیے انڈونیشیا کے دورے پر ہیں۔ پاکستان اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کی ہے۔

 دونوں ممالک کے مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ وزیر خارجہ نے بالی میں بوسنیائی ہم منصب ڈاکٹر بسیرا سے بھی ملاقات کی جب کہ وزیر خارجہ آج سنگاپور کے دورے پر روانہ ہوں گے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل 10اور 12 دسمبر کو پاکستان کا 2 روزہ دورہ کریں گے، اس دوران وہ وزیر خارجہ بلاول زرداری سے ملاقات اور آزاد کشمیر کا دورہ بھی کریں گے۔

 علاوہ ازیں افغانستان میں پاکستانی ناظم الامور عبید نظامانی نے کابل میں پاکستانی سفارتخانہ حملے میں زخمی ہونے والے سپاہی کی عیادت کی ہے۔ عبیداللہ نظامانی کو پاکستان بلایا گیا ہے۔ امید ہے افغان عبوری حکومت سفارت خانے کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نام مذہبی آزادیوں کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکی فیصلے پر مایوسی ہوئی جب کہ بھارت کو فہرست میں شامل نہ کرکے امتیازی سلوک کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ امریکی کمیشن کی سفارش کے باوجود بھارت کو فہرست میں شامل نہیں کیاگیا۔ بابری مسجد کی شہادت کو 30 سال مکمل ہوگئے۔