بین الاقوامی قوتیں پاکستان کیخلاف سازشیں کررہی ہیں، مولانا فضل الرحمٰن

598

کوئٹہ: حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قوتیں پاکستان کے خلاف سازش میں مصروف ہیں۔

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی کسی قسم کی ایسی خوش فہمی کا شکار نہ ہو کہ جے یو آئی کمزور ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت جے یو آئی میں تقسیم پیدا نہیں کر سکتی۔ جے یو آئی میں بڑی اور اہم شخصیات شمولیت اختیار کررہی ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ ہم فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے سعی جاری رکھیں گے۔ ہم پاکستان کو امن کا گہوارہ بنا کر رہیں گے۔ اسلام کی مضبوطی کے لیے وحدت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوتیں پاکستان کےخلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ ہماری جمہوریت اور آئین کو کمزور کیا جارہا ہے تاکہ ملک کمزورہو۔

امیر جمعیت علمائے اسلام کا کہنا تھا کہ 3 سال تک پاکستان کومشکلات میں دھکیلا گیا۔ ریاست مدینہ کے نام پر عوام سے فراڈ کیا گیا ۔ پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا گیا۔ پاکستان کاروپیہ ڈالر کے مقابلے میں اپنی قدر کھو بیٹھا ہے۔ آج ہم دوست ممالک کا اعتمادبحال کرنےکی کوشش کررہے ہیں۔