بہن نے پسند کی شادی کرنے کے لیے بھائی کو قتل کروا دیا

427

لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے کوٹ لکھپت میں خون سفید ہوکر رشتوں کا پاس کھو بیٹھا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق بہن نے پسند کی شادی کے لیے اپنے بھائی ہی کو قتل کروا دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں عدنان نامی نوجوان کے قتل کا بھید کھل گیا۔ پولیس کے مطابق اعلیٰ تعلیم یافتہ بہن نے اپنی پسند کی شادی کرنے کے لیے اپنے بھائی کو قتل کروایا۔

ملزمہ آسیہ ایم اے انگریزی تک تعلیم یافتہ ہے، جس نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر پیشہ ور مجرموں کے ذریعے بھائی کو قتل کروایا۔ پولیس کے مطابق آسیہ اپنے ماموں زاد وقاص کے ساتھ شادی کرنا چاہتی تھی جبکہ اس کا بھائی عدنان بہن کی شادی کسی تعلیم یافتہ نوجوان سے کروانا چاہتا تھا۔

پولیس کی جانب سے ابتدائی تفتیش کے مطابق عدنان کو قتل کرنے کے لیے 2 لاکھ 70 ہزار روپے کی سپاری دی گئی۔ اس کام کے لیے ملزمہ آسیہ نے اٹلی میں مقیم اپنے ماموں زاد وقاص کے ساتھ مل کر بھائی کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔

پولیس نے آسیہ کو 2 پیشہ ور مجرموں اور کزن سمیت گرفتار کرلیا جب کہ ملزم وقاص کو اٹلی سے گرفتار کرنے کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کروائے جائیں گے۔