شاہین شاہ آفریدی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد

587

دبئی: آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل)  نے انگلش ٹیم کے 2 کھلاڑیوں اور ایک پاکستانی کھلاڑی کو نومبر 2022ء کے مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا  ہے۔

نجی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے انجری کے بعد واپس آکر ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں پاکستان کے لیے 14.09 کی اوسط اور 6.15 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 11 بلے بازوں کو شکار کیا۔ واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی فائنل میچ کے لیے مزید بالنگ نہیں کرو اسکے تھے، اور اسی لمحے کو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ سمجھا جا رہا ہے۔

فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کی بہترین کارکردگی سپر 12 مرحلے کے بنگلا دیش کے خلاف کھیل میں نظر آئی تھی، جب انہوں نے تیز رفتار 4 اوورز کے اسپیل میں22 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا اور بالآخر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

علاوہ ازیں شاہین شاہ آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، جس میں انہوں نے 4 اوورز میں صرف 24 رنز دے کر فن ایلن اور کین ولیمسن کی اہم وکٹیں حاصل کی تھیں۔

دریں اثنا آئی سی سی کی جانب سے انگلینڈ کے کھلاڑی جوز بٹلر اور عادل راشد کو بھی  پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔