جامعہ کراچی: اساتذہ و ملازمین کا کل تمام کلاسوں اور امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان

432

کراچی: جامعہ کراچی کے انجمنِ اساتذہ و ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کل بروز منگل سے ہونے والے تمام کلاسوں اور امتحانات کے بائیکاٹ کااعلان کر دیا ہے۔

مشترکہ گروپس کمیٹی کی جانب سے پیرکو جامعہ کراچی میں پر امن احتجاج کیا گیا،احتجاج میں اساتذہ کے نو منتخب عہدیداران سمیت اساتذہ و ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں شرکا نے جامعہ کراچی میں جاری شدید مالی بد انتظامیوں پر تشویش کا اظہار کر تے ہو ئے بتایا کہ ماہِ دسمبر کے اوائل میں ملنے والی تنخواہ سے ملازمین جامعہ کراچی تا حال محروم ہیں جبکہ جامعہ کراچی میں جاری داخلوں اور پرائیوٹ امتحانات کی صورت میں جمع ہونے والی خطیر رقم غائب ہے جس کا کوئی حساب نہیں مل رہا۔

 اس کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ کی جانب سے تا حال گرانٹ کا اجرا بھی نہ ہو سکا،ادائیگیاں نہ ہو نے کے باعث کئی اسپتالوں نے پینل بند کر دیے  اس وجہ سے مریض ملازمین اور ان کے اہل خانہ میں علاج معالجے کی طرف سے شدید بے چینی پائی جا تی ہے جبکہ میڈیکل کے ریمبرسمنٹ کے بلز بھی عدم ادائیگی کا شکارہیں۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچ میں داخلوں کا عمل جاری ہے اگر حکام بالا بلخصوص حکومت سندہ نے اپنی تعلیم دشمنی کو خیر باد نہ کہا توشہر کراچی کے ہزاروں طلبہ و طاپبات کا تعلیمی مستقبل تاریک ہونے کا اندیشہ ہے۔شرکاء نے مزید کہا کہ اس طرح کی مالی بد انتظامی جامعہ کراچی کی تاریخ میں آج تک نہیں دیکھی گئی ہے جس کی وجہ سے ملازمین جامعہ کراچی میں شدید مایوسی اور بے چینی پائی جا رہی ہے۔ شرکا نے انتظامیہ جامعہ کراچی اور حکومت سندھ سے اپیل کی کہ جامعہ کراچی میں جاری مالی بد انتظامی کا نوٹس لیں اور ملازمین کے یہ مسائل جلد از جلد حل کر نے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔