فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا دن، پاکستان کا فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان

274
فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا دن، پاکستان کا فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان

 اسلام آباد:  فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر صدر اور وزیراعظم نے اسرائیل ظلم کے خلاف اپنی اور پاکستانی عوامی کی جانب سے فلسطینی عوام کی مسلسل اور دو ٹوک حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی دن پر اپنے بیان میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ آج فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی مسلسل اور دوٹوک حمایت کا اعادہ کرتا ہوں، آج عالمی برادری کے ساتھ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منا رہے ہیں، پاکستان تاریخی طور پر فلسطینیوں کی جائز جدوجہد کی حمایت کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ شرائط اور امن معاہدے کے لیے مذاکرات پر فلسطینی رضامندی کا حمایتی ہے، ساڑھے سات دہائیوں میں اسرائیل نے فلسطینیوں کے ساتھ منظم اور بڑھتی ہوئی زیادتیاں روا رکھیں، بے گناہوں کا خون بہایا گیا اور فلسطینیوں کا خون بہنے کا سلسلہ ابھی تک نہیں رکا۔

انہوں ںے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف نہ تھمنے والا اسرائیلی تشدد، اسرائیل کا فلسطین پر ناجائز قبضہ اس تنازع کی ناقابل تردید حقیقتیں ہیں، اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو ضم کرنا، الحاق اور قبضہ انسانی اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے، طاقت کے زور پر علاقے پر قابض ہوا جاسکتا ہے مگر عوام کے دل و دماغ پر قبضہ نہیں کیا جاسکتا۔

صدر مملکت نے کہا کہ فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہد حق خودارادیت کے حصول تک جاری رہے گی، پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا، میں فلسطینیوں کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی آج کے دن فلسطینی باشندوں کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن غیر قانونی اسرائیلی قبضے، فلسطینیوں کو برداشت کرنے والے انتہائی مصائب کو اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر فلسطینیوں کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہوں۔