سندھ حکومت کا جدید اور سستی الیکٹرک ٹیکسی سروس شروع کرنے کا اعلان

452

کراچی :صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ بہت جلد کراچی سے جدید ،سستی اور ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی سروس کا آغاز کر رہے ہیں ، جس کو سندھ کے دیگر بڑے شہروں تک توسیع دی جائے گی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت اس منصوبے پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے ، بہت جلد اس کو حتمی شکل دے دی جائے گی ، کیونکہ اوبر اور دیگر ٹیکسی سروس بہت زیادہ مہنگی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو سستی اور آرام دہ ٹیکسی سروس فراہم کریں۔

صوبائی وزیر  نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے کام کا جائزہ لئے جانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت  شہریوں کو بہترین ٹرانسپورٹ سروس مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں اربوں روپے کی لاگت سے پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے ، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی دن رات کوشاں ہے کہ شہر میں بسوں میں اضافہ ہو اور ٹرانسپورٹ کے انفراسٹرکچر میں بہتری لائیں ۔

 انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن پر تیزی سے کام جاری ہے ، جس کے تحت ملیر ہالٹ سے براستہ یونیورسٹی روڈ تا نمائش چورنگی 22 کلومیٹر میٹر کوریڈور بنایا جا رہا ہے ، یہ پاکستان کا پہلا منصوبہ ہے ، جو کہ بایو گیس پر چلایا جائے گا ۔