فرسودہ نظام کو انتخابی سیاست کے ذریعے تبدیل کرنا ناممکن ہے، شجاع الدین شیخ

589

لاہور : امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ نے نے کہا ہے کہ پاکستان کی سا لمیت اسلام سے وابستہ ہے۔ پاکستان میں جاری سیاسی انتشار کے خاتمے کے لیے مذاکرات کیے جائیں۔ اس فرسودہ نظام کو انتخابی سیاست کے ذریعے تبدیل کرنا ناممکن ہے۔

شجاع الدین شیخ نے تنظیم اسلامی کے دو روزہ علاقائی سالانہ اجتماع منعقدہ دارالاسلام مرکز تنظیم اسلامی لاہور کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سیاسی اور معاشی حالات انتہائی پریشان کن ہیں، ہمارے سیاست دان اقتدار کے لالچ میں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے ہر قسم کا حربہ استعمال کر رہے ہیں۔

امیر تنظیم اسلامی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اسلام کے خلاف بننے والے قوانین پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر نظر آتی ہیں اور ملک میں جاری سیاسی تناؤ کے اثرات پوری قوم محسوس کر رہی ہے۔ پاکستان اس وقت مزید کسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہاکہ  مسلمانانِ پاکستان نبی کریم ﷺ کی اتباع کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔ پاکستان کے ہمسایہ ملک افغانستان میں افغان طالبان کے ذریعے اسلام کا نفاذ ہمارے لیے ٹھنڈی ہوا کے جھونکے کی مانند ہے۔ ہمیں اپنے دینی فرائض کی ادائیگی کا حق ادا کرتے ہوئے پاکستان میں نفاذِ اسلام کے لیے بھرپور جدوجہد کرنی چاہیے۔