دفاعی صلاحیتوں میں حوصلہ افزا پیش رفت

364

یہ خبر نہایت خوش آئند، اطمینان بخش اور حوصلہ افزاء ہے کہ پاک فضائیہ نے اپنے طیاروں میں فضا ہی میں ایندھن بھرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے یہ صلاحیت وطن عزیز کے فضائی دفاع کو مزید مستحکم اور ناقابل تسخیر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ پاک فضائیہ نے گزشتہ دنوں بحرین میں منعقدہ بین الاقوامی فضائی شو کے دوران اس صلاحیت کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق اس شو میں تین ایف 17 لڑاکا طیاروں میں آئی ایل 78 ٹینکر طیارے کی معاونت سے فضا میں ایندھن بھر کر شو کے شرکاء کی بھر پور توجہ حاصل کی گئی۔ دوسری جانب کراچی میں منعقدہ دفاعی نمائش ’’آئیڈیاز 2022ء‘‘ میں بھی بیرون ملک سے آئے ہوئے مندوبین اور وفود نے پاک فضائیہ کے اسٹال اور نمائش کے لیے رکھے گئے پاکستانی ساختہ ’’سپر مشاق اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں میں بھر پور دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جی تھری رائفل کی جدید متبادل رائفل بھی دلچسپی کا محور رہی جو خالصتاً پاکستانی ساختہ ہے ۔ نمائش میں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز میں تیار کردہ کئی نئے ہتھیاروں کی رونمائی بھی کی گئی جب کہ تینوں مسلح افواج کے دستوں نے ہوائی کرتب مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کے مظاہرے پیش کئے نمائش میں دوست ممالک ترکی اور چین کی تیار کردہ مصنوعات بھی دلچسپی کا محور رہیںپاکستان اور دوست ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کے اظہار میں یہ نمائش اہم کردار ادا کرتی ہے جو کئی برس کے تسلسل کے بعد ہمارے دفاعی نظام کی ایک مستقل روایت بن چکی ہے جسے جاری رکھا جانا اور مستحکم بنانا قومی مفاد کا تقاضا ہے۔