تحریک انصاف کا جمعرات سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

240

لاہور: تحریک انصاف نے 6 روز کے وقفے کے بعد جمعرات سے دوبارہ لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے ایک بیان میں کہا کہ حقیقی آزادی کا مارچ جاری رہے گا ، جمعرات سے  دو لانگ مارچ شروع ہوں گے ایک کی قیادت اسد عمر اور دوسرے کی شاہ محمود قریشی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ جس مافیاز کے ساتھ ہے وہ جرائم پیشہ افراد ہیں جن کا مقابلہ 26 سال سے کررہے ہیں، ہم وفاقی حکومت کے ہر طرح کے ہتھکنڈوں سے واقف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف منظم مہم چلائی گئی ہے اور مذہبی منافرت کا پروپیگنڈہ کیاگیا، ہمارے خلاف دینی مذہبی جماعت نہیں بلکہ ن لیگ پروپیگنڈہ کررہی ہے، وزیر آباد واقعہ کے بعد ایک مذہبی جماعت نے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔

علاوہ ازیں وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب کا دورہ کیا، عمران خان پر حملے کی درج ایف آئی آر قابل قبول نہیں، پورے پاکستان میں عمران خان پر حملے کیخلاف احتجاج جاری ہے، ایف آئی آر متاثرین کی منشا کے مطابق ہونی چاہیے، ہماری ساری توجہ ایف آئی آر پر ہے، پٹشنر کی  بات کو سنے بغیر مقدمہ درج کیا گیا، لانگ مارچ کا آغاز کل وزیرآباد سے ہوگا۔