امریکا کا پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں 19 ملین ڈالرخرچ کرنے کا اعلان

403

اسلام آباد: امریکا نے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں 19 ملین ڈالر خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

خبر رساں اداروں کے مطابق پروگرام کے ذریعے جامعات کی استعداد کار کو بڑھایا جائیگا اور فارغ التحصیل طلبہ کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔اس حوالے سے امریکی ادارے نے اعلیٰ تعلیم کے موضوع پر اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کا اہتمام کیا جس میں چیئرمین ایچ ای سی اور پاکستانی جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔

ڈائیلاگ میں ہائر ایجوکیشن کی قیادت نے تعلیمی میعار کو بہتر بنانے کے لیے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر آف ایجوکیشن آفس اینی فلیکر نے کہا کہ ہماری وابستگی سے مسلسل اقتصادی ترقی کی بنیادیں قائم کرنے میں مدد ملے گی،پاکستان میں تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے امریکہ کا معاونت کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی ادارے یو ایس ایڈ کے ذریعے 19 ملین ڈالر کی رقم خرچ کی جائے گی۔ 5 سالہ پروگرام کے تحت نہ صرف جامعات کی استعداد کار کو بڑھایا جائیگا،بلکہ فارغ التحصیل طلبہ کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔ فنڈنگ کے ذریعے پاکستانی یونیورسٹیوں میں قیادت، گورننس اور انتظام کو بہتر بنایا جائیگا۔