دیا جلائے رکھنا ہے

505

ایک طرف میری اشک بھری نگاہ مزار قائد کی طرف اٹھتی تو دوسری طرف نوجوانوں کا جم غفیر نظر آ رہا تھا۔ چاہتے ہوئے بھی میں اپنے آنسو چھلکنے سے نہیں بچا پائی۔ شاید قائد کی روح کو آج کا منظر کچھ پرسکون کر دے۔۔۔ سو دو سو نہیں بلکہ سیکڑوں بائیکیں جن پر سوار کراچی کے پچیس ہزار نوجوان جوق در جوق چلے آ رہے تھے اور آنے کا سلسلہ تھا کہ رک ہی نہیں رہا تھا۔ پچیس ہزار نوجوانوں نے ٹیسٹ دیا، کراچی کے سخت حالات میں آج ان کا ٹیسٹ کسی روشنی کے دیے سے کم نہیں تھا۔ اس منظر کو دیکھ کر واضح طور پر یہ محسوس ہو رہا تھا کہ یہ وہ نوجوان ہرگز نہیں جو لوٹ مار پر گزارا کرنا چاہتا ہو۔ قطاروں میں لگ کر کھانا کھانا چاہتا ہو یا اپنے کاندھوں پر سامان لیے ادھر سے ادھر پہنچانا چاہتا ہو بلکہ یہ تو وہ نوجوان ہے جس کی آنکھوں میں گہرے سپنے چھپے ہیں، یہ وہ نوجوان ہے جو دنیا بھر میں اپنا نام کمانا چاہتا ہے، یہ وہ نوجوان ہے جو بہترین تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہے۔ یہ وہ نوجوان ہے جو اپنے گھر والوں کا بہترین کفیل بننا چاہتا ہے۔ اس پروگرام میں طلبہ نے شرکت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے شہر بھر سے معززین، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر، ماہر تعلیم، تاجر، سرکاری افسران اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بھی شرکت کی۔
شکریہ انتظامیہ کا جس نے مجھے بھی اس بامقصد پروگرام میں مدعو کیا، اس پروگرام کا حصہ بن کر بہت اچھا لگا اور وہ عہد بھی بہت پیارا لگا جو بچوں سے کروایا گیا کہ جب آپ لوگ سیکھ جاؤ گے تو بطور نیکی اپنی صلاحیتوں کو آگے منتقل کرو گے۔ اس موقع پرحافظ نعیم الرحمن، نوید بیگ اور راشد قریشی نے بھی مقاصد اور اصولوں سے آگاہ کیا۔ اچھی بات یہ تھی کہ کسی نوجوان سے یہ نہیں پوچھا گیا کہ آپ کا کس جماعت سے تعلق ہے بلکہ بلاتفریق کراچی کے تمام نوجوانوں کے لیے چاہے ان کا تعلق کسی بھی سیاسی پارٹی سے ہو موقع دیا گیا۔ ایم سی کیوز پر مشتمل اس ٹیسٹ کے لیے ایک گھنٹا دیا گیا۔ سیکورٹی، پانی کی ٹھنڈی بوتلیں اور بہترین سہولتوں کے ساتھ یہ ٹیسٹ لیا گیا۔ طلبہ کا ٹیسٹ آج لیا گیا جبکہ طالبات کے لیے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ آج کے اس ٹیسٹ سے نا صرف بچوں کو کورسز کے لیے چنا جائے گا بلکہ ان کو چالیس سے پچاس ہزار تک کی تنخواہ کی نوکریاں بھی مہیا کی جائیں گی اس کے ساتھ ساتھ یہ کوشش پاکستان میں زرمبادلہ لانے کے لیے بھی بہترین ثابت ہوں گی۔طلبہ کو آئی ٹی سے جڑے ہوئے کئی کورسز کی چوائس دی گئی ہے جن میں سے وہ اپنی پسند کا کورس کر سکتے ہیں جن میں ویب ڈیولپمنٹ، ایپ ڈیولپمنٹ، ایمازون، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، فری لانسنگ، گرافک ڈیزائننگ کے کورسز شامل ہیں۔ امید ہے کہ اس اقدام کے بعد کراچی سے بے روزگاری اور اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ ہوگا۔
الخدمت اتنی بڑی کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ یہ سب واقعی آسان نہ تھا لیکن اللہ رب العزت کی مدد، رضاکاروں، کارکنان اور دیگر لوگوں کے تعاون سے ممکن ہوا۔ اللہ رب العزت اس کاوش کو قبول فرمائے۔