جے ایس ایم یو سنڈیکیٹ انتخاب: پروفیسر کی نشست پر ہما علی کامیاب

378

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کی سینڈیکیٹ میں پروفیسر کی نشست پر الیکشن کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسر ہما علی کامیاب قرار پائیں۔

چیف الیکشن کمشنر اور شعبہ پیتھالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سید محمود حسن نے بتایا کہ یہ الیکشن سابق رکن سنڈیکیٹ پروفیسر لعل رحمٰن کی جامعہ سے رخصت کے بعد خالی ہونے والی نشست پر 2 امیداروں پروفیسر صلاح الدین اور پروفیسر ہما علی کے درمیان ہوا۔ 27 میں 23 پروفیسرز  نے حق رائے دہی استعمال کیا، جس میں سے 12ووٹ پروفیسر ہما علی اور 10ووٹ پروفیسر صلاح الدین کو ملے جبکہ ایک ووٹ منسوخ ہوا۔

قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے پولنگ مرکز کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا اور شفاف انتخاب کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔بعد ازاں انہوں نے کامیاب امیدوار پروفیسر ہما علی کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ جامعہ کی بہتری کے لیے اپنی ذمے داری کو احسن طریقے سے ادا کریں گی۔

الیکشن میں اناٹومی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ثریا ثروت نے ریٹرننگ آفیسر، پیتھالوجی کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صدف رزاق  نے پریزائیڈنگ آفیسر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر یاسمین زوار  نے پولنگ آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ الیکشن کے نتائج سے قبل پروفیسر ہماعلی اور پروفیسر صلاح الدین قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن میں جیت ہو یا ہار وہ جامعہ کی بہتری اور اساتذہ، طلبہ و ملازمین کی فلاح بہبود کیلیے بھرپور کردار ادا کرنے کاعزم رکھتے ہیں۔