ٹی 20 ورلڈکپ : سری لنکا نے یو اے ای کو 79 رنز سے ہرادیا

266

گیلونگ: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے یو اے ای کو 79 رنز سے ہرادیا۔

گیلونگ میں کھیلے گئے میچ یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، سری لنکا کی جانب سے نسانکا اور کوشل مینڈس نے 42 رنز کا آغا ز فراہم کیا۔مینڈس 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئےتو دنن جایا ڈسلوا اورنسانکا اسکور کو 92 تک لے گئے، ڈسلوا 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، پھر میاپن کارتھیک نے ہیٹرک بناکر سری لنکا کے رنز بنانے کی رفتار کو روکا۔

سری لنکا کی جانب سے نسانکا 74 رنز بناکر نمایاں رہے، سری لنکا نے 8 وکٹ پر152 رنز بنائے۔یو اے ای کی جانب سے کارتیک نے 3 اور ظہور خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں یواے ای کی ٹیم سری لنکن بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 73 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سری لنکا کی جانب سے دشمانتا چمیرا اور ہسارنگا نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل یو اے ای کو اپنے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز سے شکست ہوئی تھی جب کہ سری لنکا کو نمیبیا نے اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا تھا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کے لیے کل 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔پہلے مرحلے کے اختتام پر 4 ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی، سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا۔