شاہین آفریدی کا ری ہیب مکمل، ہفتے سے قومی اسکوڈ کو جوائن کرینگے

362

لندن: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے پاکستان ٹیم کیلئے اچھی خبر سامنے آ گئی۔

نوجوان فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی مکمل فٹ ہونے کے بعد ہفتے کو لندن سے برسبین پہنچ کر قومی اسکوڈ کو جوائن کریں گے۔شاہین آفریدی 17اور19 اکتوبر کو انگلینڈ اورافغانستان کیخلاف وارم اپ میچ کیلئے دستیاب ہونگے جب کہ بیٹر فخر زمان بھی شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ لندن سے برسبین پہنچیں گے۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ وہ گزشتہ 10 روز سے روزانہ بغیر کسی درد کے تیز رفتاری سے چھ سے آٹھ اوورز کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ وہ نیٹ میں بالنگ اور بیٹنگ کررہے ہیں مگر میچ انوائرمنٹ کا کوئی نعم البدل نہیں اور وہ اس ماحول میں واپسی کے لیے مکمل تیار ہیں۔شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ قومی اسکواڈ کو دوبارہ جوائن کرنے کیلئے بہت پرجوش ہوں، ری ہیب کا یہ پروگرام بہت سخت اور مشکل تھا، اس دوران وہ کئی دلچسپ اور سنسنی خیز میچز نہیں کھیل سکے۔