الیکشن کمیشن نے حکومتی درخواست مسترد کردی، ضمنی و بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا فیصلہ

298
Local body elections

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے وفاق اور سندھ حکومت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے کرم کے سوا ملک بھر میں ضمنی اور کراچی میں طے شدہ بلدیاتی الیکشن اپنے مقررہ وقت ہی پر کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس  چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر سربراہی منعقد ہوا، جس ارکان کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری وزارت داخلہ، دفاع، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب، کے پی اور سندھ نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں ایم او ڈائریکٹوریٹ اور دیگر سیکورٹی اداروں کے نمائندگان و الیکشن کمیشن کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات اور کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے پُرامن انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 9، صوبائی اسمبلی کے 3 اور کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

اجلاس میں سیکرٹری وزارت داخلہ، دفاع، چیف سیکرٹریز ، آئی جیز اور سیکورٹی کے دیگر اداروں کے نمائندوں نے اپنا مؤقف پیش کیا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کی جانب سے 90 روز کے لیے ضمنی الیکشن ملتوی کیے جانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات شیڈول کے مطابق اپنے مقررہ وقت یعنی 16 اکتوبر ہی کو ہوں گے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ این اے 45 ضلع کرم کا انتخاب مقررہ تاریخ یعنی 16 اکتوبر 2022ء کو نہیں ہوگا یہاں پر انتخاب کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا جب کہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات بھی شیڈول کے مطابق 23 اکتوبر 2022ء کو ہوں گے۔ یاد رہے کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے 12 حلقوں میں ضمنی انتخاب 16 اکتوبر کو طے ہیں جب کہ وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن سے قومی و پنجاب اسمبلی کی 12 جبکہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔ اسی طرح سندھ حکومت نے بھی کراچی میں پولیس نفری میں کمی اور سیلاب کو جواز بناتے ہوئے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔