لاہور اسموگ سے آفت زدہ قرار

343

لاہور: ہائیکورٹ نے اسموگ ایمرجنسی کے نفاذ اورفصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے اقدامات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کےلئے کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت لاہور کو اسموگ سے آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا نوٹیفکیشن پیش کیا گیا، پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔

نوٹیفکیشن میں اسموگ کے تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا ہے ۔سیکرٹری ماحولیات کی جانب سے فاضل عدالت کو بتایا گیا کہ اسموگ کے خاتمے کےلئے 1200 صنعتی یونٹس بند کئے گئے ہیں اور دن کے اوقات میں صنعتی یونٹس کوکنٹرول کرلیا گیا ہے۔محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پنجاب کی جانب سے رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایا گیا کہ لاہور کوآفت زدہ قرار دے دیا گیا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اسموگ کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں جس پر فاضل عدالت نے کہاکہ صنعتیں دن کو چلیں یارات کو عدالت کو سروکار نہیں، عدالت کو اسموگ کے تدارک کے اقدمات سے سروکار ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ عدالت کو یقین ہے سیکرٹری ماحولیات نے کوئی ایک رپورٹ ایسی نہیں بنائی ہوگی جو سیلاب کی تباہ کاروں کے بعد پلاننگ سے متعلق ہو، عدالت سیکرٹری ماحولیات کی پیش کردہ رپورٹ کی تصدیق کرائے گی۔

عدالت نے ریمارکس دئیے وہ چیف سیکرٹری بھی دیکھیں ہیں جن کے کمرے میں جاتے ہوئے وزیراعلی دو مرتبہ سوچتے تھے، اب تو حال یہ ہے کہ بیوروکریٹس نے خود کو بہت نیچے کرلیا ہے ،اگر چیف سیکرٹری چاہے تو بارہ گھنٹے میں سب ٹھیک ہوسکتا ہے۔