سازش کے تحت پاکستان کا اسلامی تشخص مجروح کیا جارہا ہے، جاوید قصوری

447
Islamic identity

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے اسلامی تشخص کو مجروح کیا جارہاہے، اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے ٹرانس جینڈر ایکٹ 2018کو غیر شرعی قرار دینا قابل ستائش ہے۔

محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ یہ در حقیقت یہ ایکٹ تحفظ فراہم کرنے کی آڑ میں فحاشی و عریانیت کو فروغ دینے کا قانون ہے۔ تمام مکاتب سے تعلق رکھنے والے علماءاکرام نے اس کو مسترد کردیا ہے۔ حکومت نے اس ایکٹ میں ترمیم کا عندیہ تودیا ہے مگر ابھی تک عملاً کوئی کام نہیں ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک سوچی سمجھی ساز ش کے تحت پاکستان کے اسلامی تشخص کو مجروح کیا جارہا ہے۔ پاکستان کے موجودہ حکمران اپنے غیر ملکی آقاﺅں کو خوش کرنے کی غرض سے ایسے اقدامات کررہے ہیں جو اسلام اور شریعت کے منافی ہیں۔ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا تھا اور اس میں اللہ اور اس کے رسول کا نظام حیات ہی کامیابی سے چل سکتا ہے۔

جاویدقصور کا مزید کہنا تھا کہ ملک و قوم کی یہ بد قسمتی رہی ہے کہ 1947ءمیں انگریزوں اور ہندوﺅں سے آزادی تو حاصل کرلی مگر آج بھی انگریزوں کا دیا ہوا نظام اور ہندوانہ رسم و رواج ہی چل رہا ہے۔ ملک و قوم کو غلام ابن غلام حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔