عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ

606

واشنگٹن: عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کے بعد ماہرین پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کررہے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق برنٹ آئل کی بین الاقوامی منڈی میں قیمتیں نچلی سطح پر آگئیں جب کہ  خام تیل کی قیمت 84.06 ڈالر فی بیرل اور امریکی منڈی میں  ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 76.71 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح عالمی منڈی میں قدرتی گیس کی قیمت بھی نمایاں طور پر کم ہو کر 6.90 ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی جس سے صارفین کو کچھ ریلیف ملنے اور عالمی سطح پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 15 فی صد تک کمی ہوئی ہے، جس کے بعد عالمی منڈیوں میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل کمی سے عالمی معیشت اور تجارت کو سنبھلنے کا موقع مل رہا ہے اور اس مثبت پیش رفت کے نتائج دو رس اور مہنگائی میں کمی کی صورت میں عام آدمی کی زندگی پر بھی اثر انداز ہوں گے۔

قبل ازیں بلوم برگ میں شائع رپورٹ میں بھی انکشاف کیا گیا تھا کہ رواں برس کے اختتام تک خام تیل کی قیمت 65 ڈالر تک گر سکتی ہے جب کہ آئندہ برس کے اختتام تک یہ قیمت 45 ڈالر فی بیرل رہ جائے گی۔