پیٹرول کی قیمت میں پھر اضافہ، حکومت عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے، جاوید قصوری

463
provide leadership

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ قابل مذمت ہے۔ حکومت عوام پر مسلسل مہنگائی کے کوڑے برسارہی ہے۔

مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط پر عمل در آمد کے نتیجے میں تباہ ہوچکی ہے۔ آٹے کی قیمت کو بھی پر لگ چکے ہیں۔ مارکیٹ میں آٹا دستیاب ہی نہیں، عوام حصول کی خ خاطر در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔عوام دو وقت کی باعزت روٹی کے نوالے کو بھی ترس گئے ہیں۔

جاوید قصوری نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کی جانب سے 20کلو آٹے کا تھیلا 1295روپے میں فروخت کرنے کا اعلان محض کاغذی ہے۔15کلوکا آٹے کا تھیلا 1600روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔لاہور شہر کے پندرہ ہزار تندوروں پر آٹے کی ترسیل بند ہے۔نان بائیوں کی جانب سے بھی روٹی کی نئی قیمت 20روپے اور نان 30روپے کرنے کا عندیہ دے دیا گیا ہے۔جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڈ گئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب کا کہنا تھا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق سبسڈائزڈ آٹا سیاسی بنیادوں پر تقسیم کیا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ حکومت اپنے کی اقدامات پر عمل در آمد کروانے کی سکت نہیں رکھتی۔ چکی کا آٹا 125روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔ اور چکی مالکان کو کسی کا بھی کوئی ڈر خوف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر معاشی استحکام ناگزیر ہے۔ اور اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام سٹیک ہولڈر مل کر کام کریں۔ جب تک ملکی معیشت مضبوط نہیں ہوتی، اس وقت سیاسی استحکام اور عوام کی زندگی میں خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ڈنگ ٹپا پالیسیوں کی وجہ سے عوام دن بدن بد حال ہورہے ہیں۔ رہی سہی کسر پانی کے بلوں میں اضافہ کرکے پوری کردی گئی ہے۔ حکومت پانی کے بلوں میں اضافہ کرنے کی بجائے پانی کے ضیاع کو روکنے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو انجام دے۔ حکمرانوں نے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے اور دکھوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔