گدھے کی کھالیں بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

379

کراچی: پاکستان کسٹمز ایکسپورٹ کلکٹریٹ کراچی نے مس ڈیکلریشن کے ذریعے گدھے کی کھالیں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کلکٹرایکسپورٹ کو ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ گرین چینل کے ذریعے ہانگ کانگ برآمد کیے جانے والے ایک برآمدی کنسائنمنٹ میں نمک اور رومال کی آڑ میں ممنوع اشیا کی اسمگلنگ کی کوشش کی جارہی ہے۔

حکام کی جانب سے ہانگ کانگ برآمد ہونے والے کنسائنمنٹس کی سخت نگرانی اور فزیکل ایگزامنیشن کے علاوہ دستاویزات چیک کی گئیں تو انکشاف ہوا کہ برآمدکنندہ میسرز خان ٹریڈرز کی جانب سے محکمہ کسٹمز میں داخل دستاویزات میں نمک اور رومال ظاہر کیا گیاجب کہ کنسائمنٹ سے 9ہزار 650کلوگرام گدھے کی کھالیں برآمدہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ ابتدائی تفتیش سے اس امرکی نشاندہی ہوئی ہے کہ گدھے کی کھالوں کے لیے کنٹینر بک کروایا گیا تھا جبکہ کلیئرنگ ایجنٹ نے برآمدکنندہ کی مبینہ ملی بھگت سے گدھے کی کھالیں اسمگل کرنے کی کوشش کی۔ محکمہ کسٹمز کی جانب سے معاملے کا باقاعدہ مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق مس ڈیکلریشن کے ذریعے نمک اور رومال کے کنسائنمنٹ کی آڑ میں گدھے کی کھالیں ہانگ کانگ اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے گدھے کی کھالیں برآمد کرنے پر پابندی عائد ہے۔