تین دوستوں نے 50 امریکی ریاستوں کا سفر کر کے گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ بنا لیا

367

آسٹن،ٹیکساس : تین امریکی دوستوں نے صرف 5 دن، 13 گھنٹوں اور 10 منٹ میں تمام 50 امریکی ریاستوں کا دورہ کرکے گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

اس سے پہلے بھی ایسے ریکارڈ بنائے گئے ہیں ان میں تھامس کینن اور جسٹن مورس کا بھی ریکارڈ ہے۔ انہوں نے 5 روز 16 گھنٹوں اور 20 منٹ میں 50 امریکی ریاستوں کا دورہ کیا تھا۔

آسٹن کے 2 دوستوں پیٹرمک کونویل اور پاویل پاشا کروشیٹوف اور منی پولس کے عبداللہ صلاح نے مل کر یہ سفر طے کیا ہے۔ تینوں دوستوں نے ورمونٹ سے یہ سفر شروع کیا تھا۔

تینوں دوستوں نے کار کے ذریعے اپنا سفر مکمل کیا جبکہ ہوائی اور الاسکا  جانے کیلیے انہوں نے ہوائی جہاز کا سفر کیا کیونکہ وہاں سڑک سے جانا ممکن نہ تھا۔ یہ سفر انہوں نے 5 دن، 13 گھنٹوں اور 10 منٹ میں مکمل کیا ہے۔

پیٹرمک کونویل نے بتایا ہے کہ ہم نے ایسا تجربہ کیا ہے جس کو الفاظ میں نہیں بتایا جاسکتا کیونکہ یہ بہت تھکا دینے والا تھا اور راستے میں بہت کچھ دیکھنے کو ملا، تاہم ہم نے بہت سے خوبصورت مناظر دیکھے جس میں طلوع آفتاب کا منظر دلکش اور بہت دلفریب تھا جس کو بیان نہیں کر سکتا اس سے پہلے ایسے مناظر نہیں دیکھے تھے ۔

تینوں مہم جو دوستوں نے مسلسل تین ماہ تک اس طویل ترین سفر کی منصوبہ بندی کی تھی جس کے بعد اسے عملی جامہ پہنایا گیا تھا۔