بحرانوں سے نکلنے کا واحد حل اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہے، محمد حسین محنتی

325
fair elections

حیدرآباد : امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ بحرانوں سے نجات کا واحد حل اسلامی نظام اور دیانت دار قیادت ہے۔

جھڈو، میرپور خاص، ٹنڈو الہیار اور حیدر آباد میں تربیتی اجتماعات سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاست کو پیسے کا کھیل بنادیا گیا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی سے غریب طبقے کا جینا دوبھر اورعام آدمی دووقت کی روٹی کیلئے سخت پریشان ہے موجودہ حکومت نے بھی عوام کو مایوس کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں ٹیکسوں کی بھرمار نے رہی سہی کسربھی نکال دی ہے،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ سودی نظام اور قرضوں کی معیشت نے ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے، بحران سے نکلنے اور عوامی مسائل کا واحد حل اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہے، جماعت اسلامی اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کو نافذ اور احکامات الٰہی پر عمل کرکے پوری انسانیت کی دنیاوآخرت میں کامیابی چاہتی ہے۔

صوبائی امیر نے مزید کہا کہ اپنی دعوت وکردار کے ذریعے معاشرے میں خیر کو پھیلانے اور برائی کے خاتمے کیلئے جدوجہد جماعت اسلامی کے قیام کا بنیادی مقصد ہے۔ حق وباطل کے معرکہ میں کوئی بھی بندہ مومن لاتعلق یا خاموش تماشائی نہیں رہ سکتا۔ اسلام مغلوب نہیں غالب ہونے کیلئے آیا ہے اور حق تو غالب ہوکر ہی رہے گا۔

صوبائی امیر نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ نمازوقرآن مجید کی تلاوت کی پابندی اور لٹریچر کے مطالعے کے ساتھ دعوت وتربیت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں۔ یزیدی اور باطل نظام کے خلاف ڈٹ جانے کا نام ہی حسینیت ہے اور شہادت حق کے بغیر زندگی بیکار ہے،مسلمان مردوخواتین کو تقویٰ حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی کوشش تیز کرنی چاہیے اور اپنی زندگی کو دین اسلام کے طے کردہ اصولوں کے مطابق گزار کر دوسروں کے لیے بھی نمونہ بننا چاہیے۔

محمد حسین محنتی کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی غلبہ اور اقامت دین کا مستعارہ ہے،ہرمسلمان  پچھلے گناہوں سے توبہ کرے اور خود اصلاحی کا عمل جاری رکھے،مطالعہ قرآن اور سیرت نبوی کی روشنی میں اپنی سیرت وکردار کو سنوارکر دوسروں کے لیے مثال بن جائے،معاشرے میں برائیوں کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

انہوں نے کہاکہ بے عملی کہ وجہ سے آج کا مسلمان چاہے وہ دنیا کے جس بھی خطے میں مقیم ہو شدید پریشان ہے، دنیا و آخرت کی کامیابیوں اورمایوسیوں و پریشانیوں سے نجات کا واحد حل یہ ہے کہ وہ اللہ اور اس کے رسولؐ سے تعلق کو مضبوط بنالے اور بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق زندگی بسر کرکے کامیاب ہوجائے۔