این ای ڈی کراچی میں 90 ملین ڈالر سے ٹیکنالوجی پارک بنایا جائیگا

463

اسلام آباد: این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی میں2023تک 90ملین ڈالر کی لاگت سے ٹیکنالوجی پارک بنایا جائیگا، مصنوعی ذہانت، نینو ٹیکنالوجی، ماحولیاتی توانائی، زراعت اور فوڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں میں مدد ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق طلبا کو ہائی ٹیک انڈسٹری میں مہارت دینے کے لیے یونیورسٹیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس اور خصوصی ٹیکنالوجی زونز قائم کیے جائیں گے۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق حکومت طلبا کو ہائی ٹیک انڈسٹری میں مہارت حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس اور خصوصی ٹیکنالوجی زونز قائم کر رہی ہے۔

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ، بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے درمیان سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے قیام کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

سٹی یونیورسٹی آف سائنس پشاور کے آئی ٹی مینیجر اور ویب ڈویلپر عدنان فیاض نے ویلتھ پاک کو بتایا کہ ملک میں ٹیکنالوجی پارکس بنانا حکومت کا ایک اچھا اقدام ہے۔ آئی ٹی پارکس اور آئی ٹی زونز طلبا کو ہائی ٹیک انڈسٹری میں سبقت حاصل کرنے کی ترغیب دے سکتے ہیں۔

 اگر ہم طلبہ کے لیے آئی ٹی پارک کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں طلبہ کے پراجیکٹس کی نمائش پر خصوصی توجہ دینی چاہیے کیونکہ یہ ملک میں جدت اور علم کی معیشت کو فروغ دیتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ منفرد خیالات کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، اور حکومت کو طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے فنڈز فراہم کرنا چاہیے۔عدنان فیاض نے کہا کہ خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ بھی پیپر لیس معیشت کے نفاذ کے ذریعے ڈیجیٹل منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے اور مختلف آئی ٹی زونز کا قیام اس عمل کا حصہ ہے ۔