سعودی عرب نے ”میزبان عمرہ ویزہ“ منصوبہ منسوخ کر دیا

557

ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے ترجمان انجینئر ھشام بن سعید نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے میزبان عمرہ ویزہ کا منصوبہ منسوخ کر دیا ہے۔ اس پروگرام پر عمل درآمد نہیں کیا جائے گا۔

سعودی میڈیا کے مطابق وزارت حج نے تین سال قبل اعلان کیا تھا کہ میزبان عمرہ ویزے منصوبہ شروع کیا جائے گا جس کے تحت کوئی بھی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی تین سے پانچ افراد کو اپنی میزبانی میں عمرہ کرانا چاہے گا تو اسے ان کے لیے عمرہ ویزہ جاری کرانے کی سہولت دی جائے گی۔

وزارت اب اپنے اس پروگرام سے دستبردار ہو گئی ہے،وزارت حج و عمرہ نے مذکورہ پروگرام کو ’عمرہ المضیف‘ یعنی ’میزبان عمرہ ویزہ‘ کا نام دیا تھا، سعودی شہری عمرہ ویزہ جاری کرانے کے لیے قومی شناختی کارڈ اور مقیم غیرملکی اقامے کی بنیاد پر عمرہ ویزے جاری کرانے کا مجاز تھا۔

سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کے لیے شرط یہ رکھی گئی تھی کہ وہ اول درجے کے اعزہ ہی کو اپنی میزبانی میں عمرہ کرا سکتے ہیں جبکہ سعودی شہری پر یہ پابندی نہیں تھی، وہ کسی کو بھی اپنی میزبانی میں عمرہ کرانے کا مجاز بنایا گیا تھا۔

 سال میں تین بار عمرہ ویزہ کے اجرا کی سہولت طے کی گئی تھی،مجوزہ میزبان عمرہ ویزے کے ذریعے آنے والوں کی ذمہ داری اس شخص پرعائد ہونا تھی جو انہیں مملکت بلا رہا ہے۔