سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف تھی، وزیراعلیٰ

271

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انکی حکومت بلدیاتی انتخابات فیز 2 ملتوی کرنے کے خلاف تھی،الیکشن 24 جولائی کو ہونا تھا لیکن اچانک یہ فیصلہ کیا گیا، حالانکہ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کو اپنے مکمل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی تھی۔

وہ جمعہ کو عبداللہ شاہ غازی کے سالانہ عرس کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے،اس موقع پر انکے ہمراہ ان کے مشیر برائے مذہبی امور فیاض بٹ، معاون خصوصی برائے اوقاف پیار علی شاہ اور ایم پی اے نعیم کھرل بھی تھے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ انکی حکومت کراچی اور حیدرآباد ڈویڑن میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کی خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو بتایا تھا کہ صوبائی حکومت ان کے ساتھ کام کرے گی

خواہ دادو اضلاع کے کچھ حصوں میں موسلادھار بارش بھی ہو اور مزید کہا کہ عدالت نے التوا کیلئے دائر درخواست کو بھی خارج کر دیا تھا لیکن اس کے باوجود(بلدیاتی انتخابات) ملتوی کر دیے گئے۔ اس تاثر کی تردید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ

کچھ سیاسی جماعتیں انتخابات کے التوا پر سندھ حکومت کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں، انھوں نے کہا کہ وہ ان لوگوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں جنہوں نے انہیں ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔