موسم میں بہتری کے باوجود ملک میں بجلی کا بحران برقرار

212
electricity crisis

اسلام آباد: ملک بھر میں موسم میں بہتری کے باوجود بجلی کا شارٹ فال اب بھی برقرارہے، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 344 میگاواٹ پر پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی کل طلب 28 ہزار 900 میگاواٹ ہوگئی ہے جبکہ اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار 556 میگاواٹ ہے۔

ذرائع کے مطابق پانی سے 6 ہزار 600 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، تھرمل پاور پلانٹس 970 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں سے مجموعی پیداوار 11 ہزار 500 میگا واٹ تک ہے جبکہ ونڈ پاور پلانٹس 880 میگاواٹ اور سولرپلانٹس 88 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔ بگاس سے بجلی کی پیداوار 100 میگاواٹ ہے، جوہری ایندھن 2 ہزار 358 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔

دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ دیہات میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے زیادہ اور نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے بھی زیادہ ہے۔