ایسے ہی چلتا رہا تو پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں، عمران خان

268

اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان نے کہا ہے کہ کونسی ایسی قیامت آگئی تھی کہ ہماری حکومت کو بیرونی سازش کے تحت ہٹایا گیا،ہماری معیشت سری لنکا کے حالات کی طرف جارہی ہے۔

عمران خان نے کہاکہ  اگر ایسا ہوا تو سب سے بڑا مسئلہ نیشنل سیکیورٹی کے لئے ہوگا،رجیم چینج کا نقصان صرف پاکستان کو ہے،آج ہمیں غلام بنایا جا رہا ہے،ان لوگوں کو ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے جنکا پاکستان میں کوئی مفاد نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جیسا ابھی چل رہا ہے ویسا چلتا رہا تو پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں۔ اسلام آباد پالیسی انسٹی ٹیوٹ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا اس وقت یہ بحث جاری ہے کہ اس ملک کے ساتھ ہوا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکنامک سروے کے مطابق ہمارے دور میں معیشت بہتر ہورہی تھی۔تحریک انصاف کے دور میں زراعت انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں بہتری آرہی تھی ۔کونسی ایسی قیامت آگئی تھی کہ ہماری حکومت کو بیرونی سازش کے تحت ہٹایا گیا۔

عمران خا ن کا کہنا تھا کہ ہمیں بتایا گیا کہ ہماری حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کی اہل نہیں،اب دو مہینے میں اتنی مہنگائی ہو گئی ہے جتنی ہمارے ساڑھے تین سال میں نہیں تھی۔ انہوں نے کہا جو قیمت اسوقت قوم مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کی صورت میں ادا کر رہی ہے اسکا ذمہ دار کون ہے؟