اساتذہ مستقبل کے معماروں کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ڈاکٹر اطہر عطاء

473

کراچی (رپورٹ : حماد حسین) وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء نے کہا ہے کہ اساتذہ مستقبل کے معماروں کی تعلیم وتربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے جامعہ اردو عبدالحق کیمپس کے دورے کے موقع پر اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ میں طلباء کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نصاب کی ازسر نو تدوین کی جائے گی۔ وہ شعبہ جات میں ہونے والے تحقیقی سیمینار اور ورکشاپس کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

ڈاکٹر اطہر عطانے کہا کہ جامعات تعلیم وتدریس کے علاوہ تحقیق کا گہوارہ ہوتی ہیں اس لیے اساتذہ وطلباء کو مختلف موضوعات پر تحقیق میں خصوصی دلچسپی لینا چاہیے، اس سلسلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی جا سکتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ تعلیمی وتحقیقی حوالوں سے ان طلباء کی ذہن سازی ہونا چاہیے۔اساتذہ مختلف شعبوں اور دیگر تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں میں طلباء کی رہنمائی کریں اس سلسلے میں اساتذہ کی محنت اور لگن طلباء کونہ صرف عملی زندگی میں کامیاب ہونے میں مددگار ثابت ہوتی ہے بلکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کے جامعہ کے شعبہ جات کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔جامعہ کے اساتذہ نے شیخ الجامعہ کی آمد کا شکریہ ادا کیا ان کا کہنا تھا کے شیخ الجامعہ نے کامیاب ہونے والے اساتذہ کو گزشتہ سلیکشن بورڈ کے خطوط تقسیم کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ جامعہ کی ترقی اور بہتری کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں اساتذہ نے شیخ الجامعہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔