دعا منگی اغوا کیس: انسپکٹر نثار اعوان کے خلاف کارروائی کا حکم

249

کراچی : مقامی عدالت نے دعامنگی اغوا سے متعلق کیس میں انسپکٹرنثاراعوان کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

 تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں دعا منگی اغوا کیس کے مرکزی ملزم زوہیب قریشی کے فرارسے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کے تفتیشی افسرنثاراعوان پولیس اہلکاروں کے خلاف کیس کا چالان پیش کرنے میں ناکام رہے۔

 عدالت نے انسپکٹر نثاراعوان کے خلاف ڈائریکٹ کمپلین داخل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ انسپکٹر نثار اعوان نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

 پولیس کے مطابق 27 جنوری 2022 کو دعا منگی اغوا کیس کا مرکزی ملزم زوہیب قریشی پولیس کسٹڈی سے فرارہوگیا تھا۔ جیل پولیس کے اہلکار ملزم زوہیب قریشی کو شاپنگ کرانے لے گئے تھے جہاں سے ملزم فرار ہوگیا تھا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس میں اب تک دو تفتیشی افسر تبدیل ہوچکے ہیں۔ کیس کے نئے تفتیشی افسر نثار اعوان کو تین شوکاز نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ لیکن تفتیشی افسر نثار اعوان کیس کا چالان جمع کرانے میں ناکام رہا ہے۔ عدالت نے مذید ریمارکس دیے کہ انسپکٹر نثار اعوان کے خلاف کارروائی کی جائے۔