الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے،جے یو آئی

278

اسلام آباد:جے یو آئی کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔

  سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے پر اسلم غوری نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے، سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ ہنگاموں، کشت و خون اور دھاندلی کے واقعات سے بھرا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمیعت علمائے اسلام کے امیدواروں، کارکنوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہی، بلدیاتی الیکشن کے دوران بدترین وڈیرہ شاہی کے دباؤ اور دھمکیوں کے باوجود جے یو آئی کے کارکنان ثابت قدم رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی انتظامیہ نے بلدیاتی الیکشن میں جانبدارانہ کردار ادا کر کے بلدیاتی الیکشن پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، الیکشن کمیشن قبل از الیکشن اور پولنگ ڈے پر دھاندلی اور پر تشدد کارروائیوں کو روکنے میں ناکام رہا۔

اسلم غوری نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ کے غیر ذمہ دارانہ روئیے اور جانبداری کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ شفاف نہیں، کیا جمہوری سیاسی قوتوں نے اس طرز کے رویوں کے لئے جعلی عمران حکومت سے چھٹکارہ حاصل کیا تھا؟

انہوں نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن میں بدترین صورتحال ہے، سندھ کے بلدیاتی الیکشن میں سیاسی مخالفین کے لئے جمہوری عمل میں حصہ لینا جرم بنا دیا گیا۔

اسلم غوری کا مزید کہنا تھا کہ جیکب آباد، پنوعاقل، کندھ کوٹ میں جے یو آئی کے پولنگ ایجنٹس کو اغوا کیا گیا۔