بھارت میں گٹر سے 7 نومولود بچیوں کی لاشیں بر آمد

327

بنگلورو: بھارتی ریاست کرناٹک میں گٹر میں تیرتے ڈبوں سے 7 نومولود بچیوں کی لاشیں بر آمد ہوئیں۔

رپورٹس کے مطابق موڈلگی بس اسٹینڈ کے قریب شہریوں نے گٹر میں تیرتے مشکوک ڈبوں کی اطلاع پولیس کو دی، اہلکاروں نے وہاں پہنچ کر جب ڈبوں کو کھول کر دیکھا تو اُن میں 7 نومولود بچے مردہ حالت میں تھے۔

پولیس کےمطابق واقعے کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج کرتے ہوئے لاشوں کو مردہ خانے منتقل کردیا گیا- حکام کا کہنا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹ کی مدد سے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائےگا اور شناخت کے بعد والدین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مہیش کونی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے بظاہر اسقاط حمل قرار دیا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ والدین نے  نومولود بچوں کی جنسی شناخت ظاہر ہونے کی صورت میں حمل ضائع کیا اور لاشیں ڈبوں میں کر کے گٹر میں پھینکی۔

تفتیشی ماہرین نے معاملے کی تحقیقات کو وسیع کرتے ہوئے ڈبوں اور اسپتال سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش بھی شروع کردی ہے،افسران کا کہنا ہے کہ کارروائی کسی ایک ہی اسپتال یا کلینک میں کی گئی ہے۔