ایف بی آر کے ساتھ تنازع، پی آئی اے کو ماہانہ لاکھوں ڈالرز کا نقصان

273
Conflict

قومی انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) اور فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) کے درمیان طیارے کی ڈیوٹی پر تنازع سے قومی ائیرلائن کو ماہانہ لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہورہا ہے۔

پاکستان پی آئی اے نے ٹینڈر کے ذریعے 4 ایئر بس 320 طیارے لیز پر حاصل کیے تھے، جس میں سے پہلا طیارہ 29 اپریل کو اسلام آباد پہنچ گیا تھا، تاہم ایف بی آر کے ساتھ جاری تنازع کی وجہ سے اب تک طیارے کو پرواز کی اجازت نہیں مل سکی ہے۔ایف بی آر نے لیز پر حاصل طیارے پر 41 کروڑ کا سیلز ٹیکس لگادیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اب تک ٹیکس کی ادائیگی نہیں کرسکی ہے، جبکہ پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ قومی ائیرلائن کو فی کس طیارے کی لیز کی مد میں ماہانہ 5 لاکھ ڈالر بھی ادا کرنے پڑتے ہیں، جس کے باعث 41 کروڑ فی طیارہ یک مشت ٹیکس کی مد میں ادا کرنا قومی ایئرلائن کی بساط سے باہر ہے۔ پرواز کی اجازت نہ مل سکنے کے باعث طیارہ اب تک کھڑا ہے اور قومی ائیرلائن کو ماہانہ لاکھوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔