کراچی کے 41 بڑے نالوں کی صفائی مکمل کرلی گئی، مرتضیٰ وہاب کا دعویٰ

320

ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے 41 بڑے نالوں کی صفائی تقریباً مکمل کرلی گئی ہے، نالوں پر تجاوزات اور نالوں میں پڑی ہوئی پلاسٹک کی تھیلیاں سب سے بڑا مسئلہ ہیں، کراچی میں آج کی ہلکی بارش سے مون سون سیزن کا آغاز ہورہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوبلی نالہ، گارڈن نالہ، سولجر بازار نالہ اور ریگل صدر نالے کا دورہ کرنے کے موقع پر کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر افضل زیدی، پروجیکٹ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ زبیر چنا، ڈپٹی کمشنر جنوبی کیپٹن عبدالستار اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ بڑے نالوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

ضلعی بلدیات اپنے علاقے سے گزرنے والے نالوں کو صاف کریں، کوشش ہے کہ برسات میں شہریوں کو تکالیف کا سامنا نہ ہو، انہوں ہدایت دی کہ نالوں کی صفائی سے متعلق تمام عملہ، مشینری اور دیگر آلات کو تیار حالت میں رکھا جائے، برساتی پانی کی نکاسی کے لئے تمام کارروائی مشترکہ حکمت عملی کے تحت کی جائے، تمام اضلاع اپنے اپنے علاقوں میں برساتی پانی کی نکاسی کو ممکن بنائیں۔