ہم اپنی مشکلات کا پائیدار حل خود تلاش کر سکتے ہیں، ڈی جی رینجرز سندھ

501

کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کہا ہے کہ ہم اپنی مشکلات کا پائیدار حل خود تلاش کر سکتے ہیں۔ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے زیرِ اہتمام نیشنل کنونشن پیغامِ پاکستان میں شرکت کی، یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی اور انتظامیہ نے ڈی جی رینجرزسندھ کو خوش آمدید کہا۔

تقریب کا بنیادی مقصد تشدد، انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف قومی بیانیے پر گفتگو کرنا تھا۔ کنونشن میں سابق وفاقی وزیرجاوید جبار، ڈاکٹر ضیا الحق ڈی جی اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ، ڈاکٹر ثمرین حسین وائس چانسلر ارور یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ اور وائس چانسلر اوتھل بلوچستان نے بطور مہمان اسپیکرز شرکت کی اور موضوع کے حوالے سے شرکا کو آ گاہی لیکچرز دیئے۔

تقریب میں اہم سول و سماجی شخصیات، طلبا اور رینجرز کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ڈی جی رینجرزسندھ نے طلبا سے خطا ب میں کہا کہ دائودانجینئرنگ یونیورسٹی میں پیغامِ پاکستان کنونشن کے انعقاد اورطلبا کی بڑی تعداد کی شرکت قابلِ تحسین اقدام ہے۔انہوں نے کہاکہ پیغام پاکستان نوجوانوں اور آئندہ نسل کے تحفظ کا بیانیہ ہے جو نہ صرف اتحاد بین المسلمین کا پیغام ہے بلکہ اس امر کا عکاس بھی ہے کہ ہم اپنی مشکلات کاپائیدار حل خود تلاش کر سکتے ہیں۔

کنونشن میں یونیورسٹی کی انتظامیہ اور طلبا و طالبات نے سوال و جواب کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔یونیورسٹی انتظامیہ، طلبا اور شر کا  نے معا شرتی اقدار کی بحالی اور بہتری کے لیے اس قسم کے کنونشن کے انعقا د پر زور دیا۔ اس سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے شرکا نے رینجرز کی جا نب سے کی جا نے والی کو ششوں کو سراہا۔