سپر اسٹور میں آتشزدگی، این ای ڈی یونیورسٹی سے مدد طلب کر لی گئی

401

کراچی: شہر قائد میں واقع ایک سپر اسٹور میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث متاثرہ بلڈنگ بہ ظاہر ناقابل رہائش ہو چکی ہے، تاہم ایس بی سی اے نے اس بات کے باقاعدہ تعین کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی سے مدد طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں جیل چورنگی پر آگ سے متاثرہ بلڈنگ ابتدائی انسپیکشن میں ناقابل رہائش قرار دی گئی تھی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے اس سلسلے میں مدد کی درخواست کر دی۔

ڈی جی نے بتایا کہ یکم جون کو سمیعہ برج ویو میں آگ لگی جسے بجھانے میں تین روز لگے، بلڈنگ کے بیسمنٹ کو گودام کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، تین دن مسلسل اگ لگی رہنے سے بلڈنگ اسٹرکچر شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ڈی جی ایس بی سی اے کے مطابق ابتدائی طور پر ٹیکنیکل کمیٹی نے بلڈنگ کو ناقابل رہائش قرار دیا تھا۔

تاہم این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین، انجینئراسٹیل ٹیسٹ، کاپو ٹیسٹ اور کور ٹیسٹ وغیرہ کر کے نقصان کا تعین کریں، جس کے بعد اقدامات کیے جائیں گے۔ڈی جی نے درخواست میں کہا کہ ماہرین کی رپورٹ کے بعد فیصلہ کیا جا سکے گا کہ بلڈنگ رہنے کے قابل ہے یا نہیں۔