کراچی،سپر اسٹور میں لگی آگ پر چار روز بعد بھی قابو نا پایا جاسکا

381

کراچی: جیل چورنگی پر 15 منزلہ عمارت کے سپر اسٹور میں لگی آگ چوتھے روز بھی مکمل طور پر نہ بجھائی جاسکی، آگ پر قابو پانے کے لیے فائربریگیڈ کے 18، نیوی کے 2، کے پی ٹی کے 2، رینجرز کے 2 فائرٹینڈرزاور 4 واٹر پمپس کام کررہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پہلی منزل پر رکھے سامان میں لگی آگ بجھانے کے لیے دیوار توڑ دی گئی ہے۔ بلڈنگ انتظامیہ کادعوی ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی اور عمارت کے تہہ خانے میں کوکنگ آئل ذخیرہ کرنے کے باعث زیادہ پھیلی۔ سینئر فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ سپر اسٹور کا بیسمنٹ اور گراونڈ فلور کلیئر ہے جبکہ میزنائن فلور کی آگ کنٹرول میں ہے۔

فائر آفیسر نے بتایا کہ میز نائن فلور پر بڑی تعداد میں کپڑا موجود ہے، اس کو مشینری سے توڑا گیا ہے، آگ بجھانے کے لیے فوم استعمال کیا جارہا ہے۔ گزشتہ روز واٹر بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اب تک 10 لاکھ گیلن سے زائد پانی فراہم کیا گیا ہے، آگ پر قابو پانے تک فائر بریگیڈ کو بلامعاوضہ پانی کی فراہمی جاری رہے گی۔

دوسری جانب آتشزدگی کے واقعے کے بعد کمشنر کراچی نے متعلقہ افسران کو شہر بھر میں قائم شاپنگ مالز اور ہائی رائز بلڈنگز کی انسپیکشن کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

علاوہ ازیں عمارت کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ آگ سے پارکنگ ایریا میں کھڑی موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچاہے، عمر بھر کی جمع پونجی سے یہ فلیٹ خریدنے والے متاثرین فکر مند ہیں کہ گھروں میں موجود قیمتی سامان بھی محفوظ رہے گایانہیں۔

انتظامیہ نے فلیٹوں میں موجود لوگوں کے سامان کو محفوظ رکھنے کے لیے پلان ترتیب دینا شروع کردیا ہے ا ور مرکزی دروازے پر پہرہ لگا دیا گیاہے۔